فوکس پاکستان ایک بہت ہی عمدہ بلاگ ہے۔ یہاں آپ روزمرہ کی خبریں پڑھ سکتے ہیں۔

Thursday, October 3, 2019

جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری اورفریال تالپورپر فرد جرم کی کارروائی ٹل گئی

اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹس میں سابق صدر آصف زرداری اورفریال تالپورپر فرد جرم عائد نہ ہوسکی  جبکہ عدالت نے دونوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ کیس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی، سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزمان کو اڈیالہ جیل سےسخت سکیورٹی حصار میں لایا گیا ، جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف پولیس کی بھاری نفتی تعینات کی گئی۔

آصف زرداری اورفریال تالپور کی عدالت میں حاضری لگوائی گئی، جج محمد بشیر نے کہا کوئی طریقہ کار بنانا پڑے گا نہیں تو کارروائی آگے کیسے بڑھے گی ، جس پر پراسیکیوٹر  نیب کا کہنا تھا کہ اس سے قبل عدالت نے ایک طریقہ کار وضع کیا تھا تو جج نے کہا اس وقت 2 ملزمان تھے اب 30 ہیں، کیسے طریقہ کار وضع کروں۔

جج محمدبشیر نے استفسار کیا انور مجید کراچی میں ہیں ان کا کیا کریں؟ انور مجید کو بیماری کے باعث نہیں لایا گیا، قانونی حیثیت کیا ہوگی؟ جس پر وکیل نے کہا انور  مجید کی حاضری سے استثنیٰ درخواست موجود ہے، عدالت منظور کرسکتی ہے۔

جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ جو بینک ملازمین وعدہ معاف گواہ بنے تھے ان کا کیا بنا، جس پر پراسیکیوٹرنیب سردارمظفر نے بتایا ان کی درخواست پر کارروائی جاری ہے، جج نے سوال کیا کب تک یہ کارروائی جاری رہے گی اتنا زیادہ وقت ہوگیا، تو سردارمظفر کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسرکچھ دیرتک پیش ہو کر آگاہ کردیں گے۔

وکیل شریک ملزمان نے کہا تفتیشی سے پوچھیں ضمنی ریفرنس کب لائیں گے؟ فاروق نائیک نے اعتراض کیا کہ کیس میں کسی ضمنی ریفرنس کی گنجائش موجود نہیں۔

آصف زرداری اورفریال تالپورپرآج بھی فردجرم عائد نہ ہوسکی ، تمام ملزمان کو مقدمے کی نقول تاحال فراہم نہیں کی گئیں ، 3ملزمان اب تک احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے اور انور مجید کو بیماری کے باعث عدالت نہیں لایاگیا۔

عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کردی۔

فاضل جج نے تاخیر سے آنے پر تفتیشی افسر کوجھاڑ بھی پلا دی اور کہا آپ صبح پہلے رپورٹ کیا کریں، یہ نہیں ہوگا کہ سب یہاں آپ کا انتظار کرتے رہیں، مقدمے کی اگلی سماعت بائیس اکتوبر کو ہوگی۔

دوسری جانب پیشی کے موقع پر آصف زرداری اور فریال تالپورسے بلاول اورآصفہ بھٹو سمیت پی پی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ، جس میں آزادی مارچ سے متعلق گفتگو کی گئی اور ستائیس اکتوبر کے دھرنے میں شرکت کرنے ہے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

The post جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری اورفریال تالپورپر فرد جرم کی کارروائی ٹل گئی appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/333RFjP
via IFTTT

No comments:

Post a Comment