فوکس پاکستان ایک بہت ہی عمدہ بلاگ ہے۔ یہاں آپ روزمرہ کی خبریں پڑھ سکتے ہیں۔

Tuesday, April 23, 2019

پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے: صوبائی وزیر اطلاعات

پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے، پاکستان سب کا ہے، اس کی ناکامی سب کی ناکامی ہوگی۔ ایک بچہ اگر معذور ہو جائے تو پوری فیملی متاثر ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا ڈرامہ رچانے والے کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نذر محمد نے کہا کہ اس نے کچھ کیا ہی نہیں۔ سازش کو میڈیا نے ناکام بنایا، گزارش ہے معاملے کو سیاسی ایشو نہ بنایا جائے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ جو اسپتال جلایا گیا اس کی تعمیر کا خرچہ اب کون دے گا؟ یہ ہمارا قومی ایشو ہے، ملک سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔ پاکستان سب کا ہے، اس کی ناکامی سب کی ناکامی ہوگی۔ ایک بچہ اگر معذور ہو جائے تو پوری فیملی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے، کل کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ حکومت شہریوں کو پولیو ویکسین نہ پلانے کے مضر اثرات کا بتاتی ہے۔ کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کرنا چاہتے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ویکسین نہ پلانے سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں، گھر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی کچھ نہیں ہوا۔ پولیو ویکسین سے متعلق صرف خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے دن پولیو ویکسین کے ری ایکشن کی شکایت پر چند بچوں کو اسپتال لایا گیا تھا، خبر پھیلنے پر بے شمار خوفزدہ والدین اپنے تندرست بچوں کو بھی اسپتال لے آئے۔

اس دوران مشتعل مظاہرین نے ڈی ایچ او اسپتال کی دیواریں گرا دی تھیں اور عمارت کو آگ بھی لگا دی تھی۔

بعد ازاں خیبر پختونخواہ میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش اس وقت بے نقاب ہوگئی جب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈراما طشت از بام کر دیا۔

ویڈیو میں ایک شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈراما کرواتا دکھائی دیا جبکہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔

بچوں سے بے ہوشی کا ڈرامہ کروانے والے ملزم نذر محمد کو بعد ازاں بڈھ بیر پولیس نے گرفتار کر لیا تھا جبکہ انسداد پولیو مہم کےخلاف احتجاج کرنے والے 12 افراد کے خلاف پرچہ بھی درج کرلیا گیا، علاوہ ازیں سرکاری املاک کا جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔

وزیر صحت ہشام انعام کا کہنا تھا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت انسداد پولیو مہم کے خلاف آگ بھڑکائی گئی۔ ویکسین سے کسی بچے کی حالت نہیں بگڑی میری اپنی بیٹیوں نے بھی وہی قطرے پیے، مسجدوں سے اعلان کروا کر افراتفری مچائی گئی۔

The post پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے: صوبائی وزیر اطلاعات appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar http://bit.ly/2KVJ5zp
via IFTTT

No comments:

Post a Comment