کراچی: رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر برائے زراعت، سپلائی اور پرائسز محمد اسماعیل راہو نے کی۔
اجلاس میں سیکریٹری زراعت، سندھ کے تمام ڈی سیز، چیئرمین مارکیٹس کمیٹیز اور پرائسز کنٹرول کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیورو سپلائی اور پرائسز روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی لسٹ جاری کریں گی، محکمہ پرائسز رمضان میں چینی، گوشت، آٹا، مچھلی، دودھ اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مقرر کرے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزیاں مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز اور ڈی سی مل کر کارروائی کریں گے۔
اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتیں محکمہ پرائسز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مقرر کرتے ہیں۔ رمضان میں روزانہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ کراچی میں سبزی اور فروٹس کی قیمتوں کی لسٹ روزانہ نکلتی ہے۔
اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں عوام شکایت کرے فوراً متعلقہ ادارے وہاں کارروائی کریں۔ انہوں نے پرائز لسٹ تمام دکانداروں اور ڈیلروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سستے بچت بازار لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ افسران نے شکایت کی کہ کورنگی میں ڈپٹی کمشنر بچت بازار ختم کر رہے ہیں جس پر اسماعیل راہو نے کہا کہ کراچی میں کوئی بچت بازار بند نہیں ہوگا۔
اجلاس میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے سندھ کے تمام ڈسٹرکٹس میں شکایتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، شکایتی مراکز میں ڈی سیز، پرائسز اور مارکیٹ کمیٹی کے ارکان بیٹھیں گے۔ متعلقہ افسران کو مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
The post رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar http://bit.ly/2Vy0C1t
via IFTTT
No comments:
Post a Comment